امریکی صدر کے مطابق ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے کسی بھی ملک کو امریکا کے ساتھ ہونے والی تمام تجارتی سرگرمیوں پر 25 فیصد اضافی ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور اس میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
https://truthsocial.com/@realDonaldTrump/115884319075881590
ان کا کہنا تھا کہ جو ممالک ایران کے ساتھ کاروباری تعلقات برقرار رکھیں گے، وہ امریکی منڈی میں اضافی مالی بوجھ کے لیے خود کو تیار رکھیں۔
ذرائع کے مطابق یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران میں حکومت مخالف مظاہرے شدت اختیار کر چکے ہیں اور سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن پر عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔
امریکی انسانی حقوق کی تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں 648 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی ایرانی حکومت کو خبردار کر چکے ہیں کہ مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
حالیہ بیان میں انہوں نے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف مختلف امکانات پر غور کر رہا ہے، جن میں فوجی کارروائی کا آپشن بھی شامل ہے۔