تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ سے قبل اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں آج امریکی ٹیم کے مدمقابل ہوگی، پاکستان ٹیم نے گزشتہ روز کوئینز سپورٹس کلب بولاوایو میں بھرپور تربیتی سیشن منعقد کیا جہاں کھلاڑیوں نے تین گھنٹے تک نیٹس میں بیٹنگ اور بولنگ کی مشقوں کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ ڈرلز میں بھی حصہ لیا۔
پاکستان ٹیم کا پہلا وارم اپ میچ بنگلہ دیش کے خلاف بارش کی نذر ہوگیا تھا، بنگلہ دیش کی اننگز کے صرف 36.3 اوورز ہی ممکن ہوسکے تھے، 16 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 15 جنوری سے 6 فروری تک نمیبیا اور زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔
2004 اور 2006 کے انڈر 19 ورلڈ کپ چیمپئن پاکستان اپنا افتتاحی میچ 16 جنوری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم عالمی کپ میں شاندار فتوحات کے ساتھ داخل ہو رہی ہے جہاں اس نے حال ہی میں دو اہم ٹورنامنٹس اپنے نام کیے۔
پاکستان نے دبئی میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ جیتاجبکہ ہرارے میں میزبان زمبابوے کو 9وکٹوں سے ہرا کر انڈر 19 سہ فریقی سیریز کی ٹرافی بھی اپنے نام کی۔
انڈر19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور کا کہنا کہ ماضی قریب کے ایونٹس میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد تمام پلیئرز کے حوصلے بلند اور عالمی کپ میں بھی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
پی سی بی ڈیجیٹل میڈیا سے خصوصی بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی تیاری بہترین انداز میں جاری اور تمام منصوبہ بندی ورلڈ کپ جیتنے کے مقصد کے تحت کی گئی ہے۔
شاہد انور نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف خود کو خوش قسمت سمجھتا ہے کہ اسے اس طرح کے باصلاحیت کھلاڑیوں کا گروپ میسر آیا ہے، کوچ کے مطابق ان لڑکوں کی ایک نمایاں خوبی یہ ہے کہ یہ آخری گیند تک ہار نہیں مانتے اور مسلسل جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کوچنگ اسٹاف ہر کھلاڑی کے ساتھ انفرادی طور پر کام کر رہا ہے، اگر ٹیم اپنی طاقت پر بھروسہ رکھے تو کسی بھی حریف کے خلاف مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔