آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا آفیشل گانا فیل دا تھرل (Feel the Thrill ) بھارتی گلوکار انیرودھ روی چندرنے گایا اور کمپوز کیا ہے۔
آئی سی سی نے بتایا کہ ٹی20 ورلڈ کپ کا یہ آفیشل گانا گلوبل شائقین کے لیے ٹورنامنٹ کا “سونک ہارٹ بیٹ” ہے جو ٹی20 کرکٹ کے جوش، جذبے اور ڈرامے کو ظاہر کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ گانے کا مقصد شائقین کو جوڑنا اور کھیل کی عکاسی کرنا ہے۔
آئی سی سی کے سی ای او سنجوگ گپتا نے کہا کہ آئی سی سی کے بڑے ایونٹس عالمی ثقافتی جشن ہوتے ہیں جو طرز زندگی، تفریح، کمیونٹی اور تجرباتی تنوع کے بہترین امتزاج کو ایک دلکش کھیلوں کے مظاہرے کے ساتھ یکجا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘ٹی20 ورلڈ کپ اپنی نوعیت کا ایک منفرد، سنسنی خیز اور جذبات سے بھرپور ٹورنامنٹ ہے، جہاں کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے ہر لمحہ زندگی بھر کی یادوں میں بدل جاتا ہے۔
سنجوگ گپتا نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا آفیشل گانا اسی جذبے کو زندہ کرنے کی کوشش ہے، جو اپنی موسیقی کے ذریعے شائقین کو جوڑنے، تنوع کا جشن منانے اور ایونٹ کو دنیا بھر میں مشترکہ جشن میں تبدیل کرتا ہے جو ہمارے کھیل کا خاصہ ہے۔
گانے کے تخلیق کار انیرودھ رویچندر نے کہا کہ گانے ہر خوشی اور ہر لمحہ کرکٹ کے جذبات سے جڑا ہے، دنیا بھر کے مداحوں کو میدان میں ہونے والے مقابلے سے بالاتر ہو کو یکجا کرنے کی یہ ہماری کوشش ہے۔
https://www.facebook.com/reel/4447573632187782/
ٹی20 ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں 7 فروری سے 8 مارچ 2026 تک کھیلا جائے گا اور پاکستان اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کولمبو میں شیڈول ہے۔