امریکا کا 250 سالہ جشن آزادی، پاکستان کے مختلف شہروں میں پروگرامز کا انعقاد

امریکہ کے 250 سالہ جشن آزادی کے تناظر میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مصروف ہفتہ مکمل ہو گیا اور اس دوران امریکی سفارت خانے کی جانب سے مختلف شہروں میں تعلیمی، ثقافتی، نوجوانوں اور ترقیاتی شعبوں میں سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے اسپیکر سیریز “فریڈم 250: دی انٹرپرینیورز روڈ میپ” کا آغاز کیا، جس میں برٹن سنوبورڈز کی شریک بانی اور چیئر ڈونا کارپنٹر نے امریکی ایکسچینج ایلومنا اور ایڈونچر ایتھلیٹ سمر خان کے ساتھ مکالمہ کیا۔

اس کے ساتھ ہی پاکستانی حکومت کے اشتراک سے ایک نیا ایجوکیشن ورکنگ گروپ قائم کیا گیا، جس کا مقصد فنی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اسی ہفتے 2025 کے انٹرنیشنل وزیٹر لیڈرشپ پروگرام کے سابق شرکاء سے ملاقات بھی کی گئی، جنہوں نے توانائی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر شعبوں میں امریکی ماہرین سے قائم ہونے والے مفید روابط پر اپنے تجربات شیئر کیے۔

کراچی میں امریکی قونصل جنرل گڈمین نے انگریزی ایکسس پروگرام کے 200 طلبہ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی، یہ پروگرام نوجوانوں میں انگریزی زبان کی مہارت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بناتا ہے، جس سے پاکستان اور امریکہ دونوں مستفید ہوتے ہیں۔

پشاور میں قونصل جنرل ایکرٹ نے قونصل خانے کی یوتھ کونسل سے ملاقات کی، جہاں امریکی اختراعات خصوصاً ای کامرس، انٹرپرینیورشپ اور ای گیمنگ کے ذریعے پاکستانی اور امریکی عوام کے لیے خوش حالی کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پنجاب میں قونصل جنرل سینڈرز نے امریکہ کے تعاون سے یونیسف کے ایک امدادی مرکز کا دورہ کیا جو سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کر رہا ہے۔

انہوں نے تاریخی گھنٹہ گھر کی امریکی فنڈ سے بحالی کا افتتاح کیا، 450 انگریزی ایکسس پروگرام کے گریجویٹس کو اعزازات دیے اور امریکی ایکسچینج ایلومنائی سے ملاقات کی جو اپنی برادریوں میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔

ادھر امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے سندھ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور  انہوں نے مقامی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، زرعی اور کاروباری برادریوں سے تبادلہ خیال کیا اور خطے کی بھرپور ثقافتی روایات کا مشاہدہ کیا۔

Similar Posts