خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام پر لگی چیئرلفٹ 5 سال سے مرمت کے نام پر بند، معاملہ ایوان پہنچ گیا

خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں واقع سیاحتی مقام ایوبیہ میں گزشتہ پانچ سال سے چیئر لفٹ کی مرمت نہ ہونے کا معاملہ خیبرپختونخوا اسمبلی پہنچ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران جے یو آئی کی خاتون رکن اسمبلی ایمن جلیل نے سیاحتی مقام ایوبیہ میں پانچ سال سے لفٹ چیئر نہ چلنے پر اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرادیا۔

توجہ دلاؤنوٹس میں کہا گیا ہے پانچ سال سے ایوبیہ میں مرمت کے نام پر چیئر لفٹ بند ہے، جس سے سیاحوں کی بڑی تعداد ایوبیہ تو آرہی ہے لیکن چیئر لفٹ  بند ہونے سے آنے والے سیاحوں کی آمد میں کمی واقع ہوئی ہے۔

توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ چیئرلفٹ خراب ہونے کی وجہ سے صوبائی حکومت کو بھی مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

توجہ دلاؤنوٹس  میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مرمت کے نام پر پانچ سال سے بند چیئر لفٹ کو فوری کھولا جائے تاکہ صوبے کو ریونیو حاصل ہو۔

Similar Posts