وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قلات میں کامیاب سیکیورٹی آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قلات آپریشن میں کامیابی پر فورسز قابلِ داد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی دہشتگردی کے خلاف ایک اہم کامیابی ہے جس میں دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قلات آپریشن سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پوری ریاست متحد ہے اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ادارے یکسو ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ قلات آپریشن جیسے اقدامات امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں اور ایسے مؤثر آپریشنز سے دہشتگرد عناصر کے نیٹ ورک کو کمزور کیا جا سکتا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ریاستی اقدامات جاری رہیں گے۔