ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں تاحال ایران میں مظاہرین کو پھانسی دیے جانے سے متعلق کوئی مصدقہ رپورٹ موصول نہیں ہوئی، تاہم اگر ایسا ہوا تو اس کے نتائج ایران کے لیے انتہائی سنگین ہوں گے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا نہیں چاہتا کہ ایران میں موجودہ صورتحال اسی طرح جاری رہے، لیکن اگر ہزاروں افراد کو قتل کیا گیا اور پھانسیوں کا سلسلہ شروع ہوا تو پھر ایران کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات ایران کے لیے کسی صورت اچھے ثابت نہیں ہوں گے اور امریکا اس پر خاموش نہیں رہے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ ایران میں حکومت مخالف مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے بیانات دے چکے ہیں۔ انہوں نے مظاہرین کو ایرانی اداروں کا کنٹرول سنبھالنے کی ترغیب دی تھی اور یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ امریکی مدد جلد پہنچنے والی ہے۔
امریکی صدر نے اپنے شہریوں اور اتحادی ممالک کے افراد کو ایران چھوڑنے کی ہدایت بھی جاری کر رکھی ہے۔