وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پاکستان میں عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازر کی قیادت میں عالمی بینک کی متعلقہ ٹیموں کے درمیان ملاقات ہوئی۔
فریقین نے اس امر کا اعتراف کیا کہ پاکستان نے محتاط مالیاتی اور زرِ مبادلہ کی پالیسیوں کے ذریعے معاشی استحکام کی جانب پیشرفت کی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ اس استحکام کو پائیدار معاشی ترقی، زیادہ سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کی تخلیق میں تبدیل کرنا نہایت ضروری ہے۔
عالمی بینک نے نجی سرمایہ کاری میں تیزی لانے کی اہمیت پر زور دیا اور نشاندہی کی کہ سرمایہ کاری کی موجودہ سطحیں کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے مقررہ ہدف سے کم ہیں۔
وزیرخزانہ نے بتایا کہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات پہلے ہی جاری ہیں جن میں ٹیرف کی معقول تنظیم نو، سرکاری اداروں کے نظم و نسق میں بہتری، ضابطہ جاتی نظام کی جدید کاری اور شفافیت کے فروغ کیلئے اقدامات شامل ہیں۔