اسلام آباد؛ موبائل فون چھین کر IMEI تبدیل کرکے افغانستان فروخت کرنے والا منظم گروہوں گرفتار

اسلام اباد پولیس کے رابری ڈکیتی یونٹ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے قیمتی موبائل فون چھین کر آئی ایم ای آئی تبدیل کر کے افغانستان فروخت کرنے والے منظم گروہوں کے 16 ارکان کو گرفتار کر لیا جس میں گینگ کا لیڈر بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی موبائل فونز، موٹر سائیکل برآمد ہوئیں۔

ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے بتایا کہ ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے 02 موٹر سائیکل اور 05 پستول مع ایمونیشن برآمد کی گئیں۔ ملزمان اسلام آباد پولیس کو راہزنی، شاپ رابری اور دیگر سنگین جرائم کی 16 وارداتوں میں مطلوب تھے۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ملزمان نے جڑواں شہروں میں متعدد وارداتیں کرنے اور چھینے گئے موبائل فون افغانستان فروخت کرنے کا انکشاف کیا، گینگز کے دیگر سہولت کاروں اور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے تحرک جاری ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز اسلام اباد قاضی علی رضا کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کے خلاف اہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، منظم اور متحرک گینگز کےخلاف بڑے پیمانے پر کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔

Similar Posts