آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی تیاریاں رکوادیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلادیش کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق ہدایات بعد میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے بنگلادیش کے بھارت نہ جانے کے مؤقف کی حمایت کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس پیش رفت کے بعد ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی تیاریاں فوری طور پر رکوا دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹیم منیجمنٹ کو آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بعد میں آگاہ کیا جائے گا جب کہ بنگلادیش کے معاملے کے حل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بنگلادیش کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پھر پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
اسی تناظر میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹی20 ورلڈ کپ میں عدم شرکت کی صورت میں متوازی پلان بھی طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے بنگلادیش کو مکمل سپورٹ کی یقین دہانی پہلے ہی کرا دی گئی ہے۔
پی سی بی حکام کے مطابق صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور آئندہ فیصلہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔