بھارتی ریاست اترپردیش میں بھارتی فضائیہ کا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے میں سوار دونوں پائلٹس نے بروقت ایجیکٹ کر لیا اور وہ محفوظ رہے، بعد ازاں انہیں ریسکیو کر لیا گیا۔
بھارتی فضائیہ کا کہنا ہے کہ حادثہ ایک معمول کی فلائنگ ایکسرسائز کے دوران پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے زمین پر کسی شہری کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حادثے کے مقام سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں طیارے کا ملبہ زمین پر بکھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ بعض حصوں میں آگ بھی لگی ہوئی نظر آئی۔ ایک اور ویڈیو میں پائلٹس کو بحفاظت ایجیکٹ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
بھارتی فضائیہ کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہو سکا، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات کیلئے کورٹ آف انکوائری قائم کر دی گئی ہے، جو حادثے کے اسباب اور حالات کا جائزہ لے گی۔
یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب حالیہ مہینوں میں بھارتی فضائیہ کے تربیتی طیاروں کو متعدد حادثات کا سامنا رہا ہے۔
یادر رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں چینئی کے قریب ٹمبارم میں پیلاٹس پی سی-7 تربیتی طیارہ معمول کی مشق کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں پائلٹ بحفاظت ایجیکٹ کر گیا تھا۔
اسی طرح گزشتہ سال مارچ میں ہریانہ کے ضلع پنچکولا کے قریب بھارتی فضائیہ کا جیگوار فائٹر طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا تھا، جس میں پائلٹ نے طیارے کو آبادی سے دور لے جا کر خود کو بحفاظت ایجیکٹ کر لیا تھا۔