متحدہ عرب امارات میں موسلادھار بارش سے موسم مزید سرد

متحدہ عرب امارات میں موسلادھار بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

متحدہ عرب امارات کے شمالی علاقوں میں غیر مستحکم موسم کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں پیر کی صبح راس الخیمہ کے علاقے الرمس اور دیگر شمالی حصوں میں ژالہ باری کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں علی الصبح ژالہ باری کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق اتوار کو دن کے اوقات میں درجۂ حرارت 20 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم زیادہ ٹھنڈا رہے گا، جہاں درجۂ حرارت 12 سے 18 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

رات کے وقت سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ ساحلی علاقوں میں درجۂ حرارت 12 سے 17 ڈگری، اندرونی علاقوں میں 8 سے 13 ڈگری اور پہاڑوں میں 6 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راس الخیمہ کے پہاڑی علاقے جبل جیس میں اتوار کی علی الصبح درجۂ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا، جبکہ اس سے چند دن قبل یہی پارہ 0.2 ڈگری تک بھی ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اگرچہ حالیہ موسمی صورتحال گزشتہ ماہ ہونے والی شدید بارشوں جتنی خطرناک نہیں، تاہم حالیہ سرد لہر نے عوام کے ساتھ ساتھ اعلیٰ حکام کی بھی توجہ حاصل کی۔ دبئی کے ولی عہد شیخ ہمدان بن محمد نے بھی سوشل میڈیا پر موسم سے متعلق ایک خاشگوار انداز میں پوسٹ شیئر کی، جس میں دبئی کو برف سے ڈھکا ہوا دکھایا گیا اور سرد موسم کے احساس کو بیان کیا گیا۔

۔

محکمہ موسمیات کی پانچ روزہ پیش گوئی کے مطابق آج ساحلی، شمالی اور مشرقی علاقوں میں مزید ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ منگل اور بدھ کی صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث سڑکوں پر سفر کرنے والوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام نے شہریوں اور خاص طور پر ڈرائیورز کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ بارش اور دھند کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور حدِ نگاہ میں کمی ہو سکتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دبئی میں بارش کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے، اس لیے گاڑی چلاتے وقت رفتار کم رکھنے اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

Similar Posts