بیرون ملک سے پرانے اور استعمال شدہ برانڈڈ موبائل فونز کی درآمد پر نئی کسٹمز ویلیوز مقرر

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے بیرون ملک سے پرانے اور استعمال شدہ برانڈڈ موبائل فونز کی درآمد پر نئی کسٹمز ویلیوز مقرر کر دی ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ماتحت ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی نے بیرون ملک سے درآمد ہونے والے پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز کے لیے نئی کسٹمز ویلیوز مقرر کی ہیں، یہ نئی ویلیوز صرف پرانے اور ری فربشڈ موبائل فونز پر لاگو ہوں گی۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی کی جاری کردہ نئی ویلیو ایشن پر نظر ثانی کے لیے نوٹیفکیشن کے اجرا کی تاریخ کے بعد 30 دن کے اندر اندر پٹیشن دائر کی جاسکتی ہے یہ پٹیشن ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی کے پاس دائر کی جاسکے گی۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی کی جاری کردہ نئی ویلیو ایشن کے نتیجے میں ان فونز پر عائد مجموعی پی ٹی اے ٹیکس میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئے گی اور اس فیصلے سے ایپل، سام سنگ، گوگل اور ون پلس سمیت کئی مقبول اسمارٹ فون برانڈز متاثر ہوئے ہیں۔

نئی کسٹمز ویلیوز کے تحت پاکستان میں آئی فون 15 سیریز پر عائد پی ٹی اے ٹیکس کی تفصیلات کے مطابق آئی فون 15 کی امریکی مارکیٹ میں لانچ قیمت 799 ڈالر تھی تاہم اس وقت یہ فون استعمال شدہ یا ری فربشڈ حالت میں 300 سے 400 ڈالر کے درمیان دستیاب ہے، اوسط قیمت 350 ڈالر تصور کی جائے تو یہ پاکستانی روپے میں تقریباً 97 ہزار 800 روپے بنتی ہے۔

اسی طرح نئی کسٹمز ویلیوز کے مطابق اس قیمت پر آئی فون 15 پر پی ٹی اے ٹیکس سی این آئی سی کے تحت 34 ہزار 101 روپے جبکہ پاسپورٹ کے تحت 31 ہزار 640 روپے بنتا ہے، جس کے بعد اس فون کی مجموعی قیمت تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار روپے یا اس سے زائد ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق استعمال شدہ آئی فون 15 پلس کی متوقع قیمت 370 ڈالر ہے جو پاکستانی روپے میں تقریباً ایک لاکھ 3 ہزار 465 روپے بنتی ہے، اس فون پر پی ٹی اے ٹیکس سی این آئی سی کے ذریعے 46 ہزار 68 روپے جبکہ پاسپورٹ کے ذریعے 40 ہزار 448 روپے ہوگا، جس کے بعد اس کی مجموعی مارکیٹ قیمت تقریباً ایک لاکھ 45 ہزار روپے یا اس سے زیادہ متوقع ہے۔

آئی فون 15 پرو کی اوسط قیمت 400 ڈالر یعنی تقریباً ایک لاکھ 11 ہزار 400 روپے سمجھی جا رہی ہے، نئی کسٹمز ویلیوز کے مطابق اس ماڈل پر پی ٹی اے ٹیکس سی این آئی سی پر 47 ہزار 580 روپے اور پاسپورٹ پر 41 ہزار 960 روپے بنتا ہے، جس کے بعد اس فون کی مجموعی قیمت تقریباً ایک لاکھ 55 ہزار روپے یا اس سے زائد ہو سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی فون 15 پرو میکس پر پی ٹی اے ٹیکس سی این آئی سی کے تحت 50 ہزار 604 روپے اور پاسپورٹ کے تحت 44 ہزار 984 روپے مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد اس فون کی مجموعی قیمت تقریباً ایک لاکھ 75 ہزار روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔

مزید بتایا گیا کہ نئی کسٹمز ویلیوز کے باعث استعمال شدہ آئی فونز پاکستانی صارفین کے لیے نسبتاً زیادہ قابل رسائی ہو گئے ہیں جس سے مارکیٹ میں ان فونز کی طلب میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

Similar Posts