تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک سی مییں گھر کے اندر مبینہ طور پر غلط انجیکشن لگنے سے ایک شخص کو شدید تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔
متوفی کی شناخت 36 سالہ عزیز ولد معیز کے نام سے ہوئی۔
ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد شاہد بلوچ نے بتایا کہ متوفی اینستھزیا کا ڈاکٹر اور متعدد نجی اسپتالوں میں اپنی خدمات انجام دے رہا تھا۔
متوفی کے ورثا نے پولیس کو بیان دیا کہ گزشتہ صبح معیز کا اپنی اہلیہ سے کسی بات پر جھگڑا ہوا جس کے بعد وہ کمرے سے چلی گئی اور جب کچھ دیر کے بعد واپس آئی تو معیز نے اسے بتایا کہ اس نے خود کو بے ہوش کرنے والا انجیکشن لگالیا ہے اور وہ 2 سے 3 منٹ کا مہمان ہے جس کے بعد اس کی زندگی ختم ہوجائیگی۔
اہلیہ نے فوری طور پر مدد گار 15 پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد معیز کو نیم بے ہوشی کی حالت میں پولیس موبائل کے ذریعے ہی عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
شاہد بلوچ نے مزید بتایا کہ متوفی 2 بیٹوں کا باپ تھا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی اور اس حوالے سے مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔