گل پلازہ میں آتشزدگی کے دوران آگ میں پھنسے لوگوں کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی

کراچی کے علاقے صدر ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کے دوران عمارت کے اندر کی ایک اور ویڈیو سامنے آ گئی۔

 ویڈیو میں گل پلازہ کے اندر لگنے والی آگ کے دوران عمارت کے اندر پھنسے افراد کی مشکلات واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ عمارت سے باہر نکلنے کے لیے راستہ تلاش کر رہے ہیں جبکہ شدید دھویں کے باعث وہاں موجود افراد کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ دھواں پورے پلازہ میں پھیل جانے کے سبب خوف و ہراس کی صورتحال پیدا ہو گئی۔

مناظر میں خواتین کو بھی سنا جا سکتا ہے جو بے بسی کے عالم میں باہر نکلنے کا راستہ دکانداروں سے پوچھ رہی ہیں۔ واقعے کے دوران عمارت میں موجود افراد اپنی جان بچانے کے لیے ایک دوسرے سے مدد مانگتے رہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں آگ سے تباہ ہونے والےگل پلازہ میں سرچ آپریشن کے دوران مزید 30 لاشیں ملی ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 61 تک جا پہنچی ہے جبکہ کئی افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

Similar Posts