شیخ حسینہ واجد کی بھانجی، سابق برطانوی وزیر ٹیولپ صدیق کے وارنٹ گرفتاری جاری

0 minutes, 0 seconds Read

بنگلادیشی عدالت نے کرپشن کے الزامات پر سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی بھانجی اورمجیب الرحمان کی نواسی اور سابق برطانوی وزیر ٹیولپ رضوانہ صدیق کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق سابق بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی بہن ریحانہ شیخ کی بیٹی اور بنگلا دیش کے سابق وزیراعظم مجیب الرحمن کی نواسی ٹیولپ رضوانہ صدیق پر برطانیہ میں بھی مس کنڈکٹ کے الزامات تھے جس پر وہ جنوری میں وزارت خزانہ میں ایک جونیئر عہدے سے مستعفی ہوگئی تھیں۔

ٹیولپ صدیق پر اپنی خالہ شیخ حسینہ واجد کے دور حکومت میں ڈھاکا کے ڈپلومیٹک ایریا میں پلاٹ لینے کا الزام ہے، نیز شیخ حسینہ واجد پر جوہری معاہدے میں 4 ارب پاؤنڈ کے گھپلے کے کیس میں بھی ٹیولپ صدیق کو نامزد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ٹیولپ رضوانہ صدیق نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات سے انکار کیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ الزامات سیاسی بنیادوں پر لگائے گئے ہیں، انہوں نے نہ تو بنگلا دیش میں کبھی کوئی زمین حاصل کی ہے اور نہ ہی زمین کی الاٹمنٹ میں کبھی کسی کو فائدہ پہنچایا۔

Similar Posts