نارتھ کراچی؛ اجمیر نگری میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی

نارتھ کراچی کے علاقے اجمیر نگری میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عسکری کے نام سے ہوئی ہے جبکہ فائرنگ کے دوران ہوٹل پر بیٹھا امجد زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔

پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان نے مقتول عسکری کا تعاقب کیا۔ خطرہ محسوس ہونے پر عسکری موٹرسائیکل سے اتر کر جان بچانے کے لیے ہوٹل کی جانب دوڑ پڑا، تاہم ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے دوران گولی ہوٹل پر موجود امجد کو بھی لگ گئی۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کے دوران مقتول عسکری اور ملزمان کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ ملزمان نے جاں بحق شخص کی کوئی بھی چیز نہ تو چھینی اور نہ ہی ساتھ لے کر گئے جس سے واقعے کے ٹارگٹ کلنگ ہونے کی تصدیق ہوتی ہے۔

واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 

Similar Posts