ویوز کےلیے بیٹی کو استعمال کرنے پر فضا علی پر تنقید

پاکستانی کلینیکل ماہرِ نفسیات اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ماہین انوری نے اداکارہ اور میزبان فضا علی کے حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کے پیرنٹنگ انداز پر سخت تنقید کی ہے۔

ماہین کا کہنا ہے کہ والدین کی جانب سے بچوں کو سوشل میڈیا پر نمایاں کرنا مستقبل میں ان کی ذہنی صحت پر منفی اثرات ڈال سکتا ہے۔

فضا علی انسٹاگرام پر اپنی روزمرہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اپنی دس سالہ بیٹی فرال فواد کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کرتی رہتی ہیں۔

حالیہ دنوں ماہین انوری نے اپنے اکاؤنٹ پر فضا علی اور ان کی بیٹی کی ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس رجحان کو دیکھ کر شدید مایوسی محسوس کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق والدین، خصوصاً مائیں، ویوز اور توجہ حاصل کرنے کے لیے اپنی کمسن بچیوں کو سامنے لا رہی ہیں جو تشویش ناک ہے۔

ماہرِ نفسیات نے اپنی بات کو واضح کرنے کے لیے ایک مثال بھی دی اور بتایا کہ پندرہ سالہ لڑکی، جس سے انہوں نے بات کی، اپنی والدہ کے رویے کے باعث ذہنی دباؤ اور مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی معصومیت کو سوشل میڈیا مواد بنانے سے گریز کریں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے فضا علی کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سوچنا چاہیے کہ اس طرزِ عمل سے بچوں کو کس حد تک گہرے نفسیاتی اثرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی جہاں کچھ صارفین نے بچوں کے تحفظ پر بات کرنے پر ماہرِ نفسیات کو سراہا، جبکہ دیگر افراد اداکارہ فضا علی کے حق میں سامنے آئے اور ان کے مؤقف کی حمایت کرتے دکھائی دیے۔

Similar Posts