یمن سے اسرائیل کی جانب میزائل داغے جانے کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق یمن کے میزائل حملے کے جواب میں امریکا نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر فضائی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور تیرہ زخمی ہو گئے۔
حوثی گروپ کے مطابق امریکی طیاروں نے صنعا کے علاقے بنی مطر میں ایک فیکٹری کو نشانہ بنایا، جبکہ صعدہ اور حدیدہ کے علاقوں میں بھی فضائی حملے کیے گئے۔
قبل ازیں عرب میڈیا نے اطلاع دی کہ یمن سے کیے گئے میزائل حملے کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں خطرے کے سائرن بجنے لگے، اور تل ابیب کے بن گورین ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا۔ اسرائیلی پولیس نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن سے فائر کیے گئے دو میزائلوں کو مار گرایا گیا۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ آنے والے میزائل کو روکنے کے لیے انٹرسیپٹر لانچ کیا گیا تھا۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، اور یمنی حوثی گروپ نے بھی راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
خطے میں صورتحال کشیدہ ہے اور عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں ممکنہ بڑے تصادم پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔