لاہور؛ کثیرالمنزلہ ہوٹل میں آگ لگنے سے 3 افراد جاں بحق

کثیرالمنزلہ ہوٹل میں آگ لگنے کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ 270 سے زائد مہمانوں اور عملے کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔

ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد نے بتایا کہ ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں 12:25 بجے انڈیگو ہوٹل سے فائر کال موصول ہوئی، جس پر سنٹر سے فوری سرچ اور ریسکیو ٹیموں نے ریسپانڈ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں ریسکیو 1122 کی 27 ایمرجنسی گاڑیوں، 80 اہلکاروں اور افسران نے حصہ لیا۔

ترجمان نے بتایا کہ آگ لگنے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی شناخت 37 سالہ مبین، 18 سالہ علی، 22 سالہ راشد، 60 سالہ رفیق، 21 سالہ عدنان، 34 سالہ شاہد، 20 سالہ مقدس، 40 سالہ پترس اور 45 سالہ شاہین بی بی کے نام سے ہوئی۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ ہوٹل میں ہونے والی آتشزدگی میں جاں بحق افراد کی شناخت عمران 30 سالہ، شہریار عمر 25 سالہ اور 40 سالہ ریاض 4کے نام سے ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فائر ریسکیور محمد یوسف کی طبعیت اچانک خراب ہونے سے فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا_

ترجمان نے بتایا کہ ہوٹل میں موجود 275 کے قریب مہمانوں اور عملے کو ریسکیو کرتے ہوئے انخلا ہو چکا ہے، پلازہ کی 19 منزلیں بشمول 3بیسمنٹ ہیں اور رقبہ 4 کنال پر مشتمل ہے اور پلازے کی بیسمنٹ ون شدید متاثر ہے،۔

انہوں نے کہا کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا اور اس تمام ریسکیو آپریشن کے دوران سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر خود موقع پر موجود رہے اور تمام آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔

Similar Posts