عالیہ بھٹ دردناک واقعے پر آبدیدہ ہوگئیں، امیتابھ بچن نے واقعہ بتا دیا

بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ فلم اسٹار عالیہ بھٹ حال ہی میں منعقدہ ایک ایونٹ میں دردناک واقعے پر آبدیدہ ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے حال ہی میں ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور قیمتی جانیں بچانے کے لیے منعقدہ آگاہی پروگرام سڑک سرکشا ابھیان کے دوران اداکارہ عالیہ بھٹ سے جڑے ایک جذباتی لمحے سے آگاہ کیا۔

امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ پروگرام کے حوالے سے بتایا کہ ایک خاص مکالمے نے عالیہ بھٹ کو انتہائی متاثر کیا جہاں ایک ایسی خاتون سے بات کی گئی جنہوں نے فوری مدد نہ ملنے کے نتیجے میں سڑک حادثے میں اپنے بیٹے کو کھو دیا تھا۔

سینئر اداکار نے بتایا کہ گفتگو کے دوران ایک سنگین مسئلہ نمایاں ہوا کہ لوگ پولیس کارروائی کے خوف سے حادثات کے متاثرین کی مدد سے گریز کرتے ہیں۔

انہوں نے غمزدہ ماں کی ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ خاتون نے اپنا تجربہ عوام کے سامنے بیان کیا اور گفتگو غصے کا اظہار نہیں بلکہ مستقبل میں دوسروں کو مختلف طرز عمل اپنانے کی دل سے کی گئی اپیل تھی۔

امیتابھ بچن نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے بعد میں خاتون کو آگاہ کیا کہ اگر ان کے بیٹے کو بروقت اسپتال پہنچا دیا جاتا تو اس کی جان بچ سکتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ عالیہ بھٹ کے لیے حد سے زیادہ جذباتی ثابت ہوا، جو خود تین سالہ بیٹی کی ماں ہیں۔

امیتابھ بچن نے بتایا کہ واقعے اور اس کے وسیع تر اثرات پر گفتگو کے دوران عالیہ اس قدر آبدیدہ ہو گئیں کہ وہ بات جاری نہ رکھ سکیں۔

امیتابھ بچن نے عالیہ کے اس ردعمل کو ہمدردی، ممتا اور اس دردناک کہانی کے جذباتی ردعمل کی عکاسی قرار دیا۔

بالی ووڈ اداکار نے اس تکلیف دہ تجربے کو ایک بڑی آگاہی مہم میں تبدیل کرنے کی تجویز دی، تاکہ لوگوں کو یہ احساس دلایا جا سکے کہ کسی دن وہ خود یا ان کے اپنے پیارے بھی ایسی ہی صورت حال کا سامنا کر سکتے ہیں۔

Similar Posts