جنوبی فلپائنی صوبے باسیلان کے نزدیک ایک کشتی ڈوبنے سے 15 افراد ہلاک اور 28 لاپتہ ہو گئے ہیں۔
فلپائنی کوسٹ گارڈ کے مطابق بحری جہاز میں 332 مسافر اور 27 افراد پر مشتمل عملہ موجود تھا، بحری جہاز کو حادثہ رات دیر سے پیش آیا۔
مقامی اخبار فِل سٹار کے مطابق حادثے کا شکار جہاز سولو صوبے کے جزیرے جولو کی جانب روانہ ہوا تھا۔
فلپائن کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ جہاز کے 316 افراد کو بچایا جا چکا ہے اور نیوی کے بحری جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے تلاش اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

کوسٹ گارڈ کی جاری کردہ فوٹیج میں دکھایا گیا کہ بچ جانے والے افراد کو پانی سے نکال کر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے میرین کیسولٹی انویسٹی گیشن کو احکامات جاری کر دیے ہیں۔ خوش قسمتی سے جہاز سے کسی قسم کا تیل یا آلودگی کا اثر نہیں دیکھا گیا۔
فلپائن، جو سات ہزار سے زائد جزائر پر مشتمل ہے، سستی اور ضابطوں کی کمی والے جہازوں کی وجہ سے کشتی حادثات کی طویل تاریخ رکھتا ہے۔
فلپائن جیسے جزیرہ نما ملک میں سمندری حادثات عام ہیں، جن کی وجوہات میں شدید موسمی حالات، ناقص دیکھ بھال والے جہاز، حد سے زیادہ مسافر سوار کرنا اور حفاظتی قوانین پر کمزور عمل درآمد شامل ہیں۔