امریکی یونیورسٹی نے ایرانی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری کی بیٹی کو ملازمت سے برطرف کر دیا

امریکی شہر اٹلانٹا کی ایموری یونیورسٹی نے ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی کی بیٹی فاطمہ اردشیر لاریجانی کو برطرف کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق فاطمہ لاریجانی یونیورسٹی کے میڈیکل اسکول میں ڈاکٹر تھیں اور اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر ہیماٹولوجی اور میڈیکل آنکولوجی کی تعلیم دے رہی تھیں، تاہم اب انہیں ادارے سے برطرف کردیا گیا ہے۔

ایموری یونیورسٹی نے تصدیق کی ہے کہ فاطمہ اردشیر لاریجانی اب یونیورسٹی میں فرائض انجام نہیں دے رہیں، تاہم ادارے نے برطرفی کی وجوہات یا مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔

نیوز ویک کے مطابق فاطمہ لاریجانی نے میڈیکل کی ڈگری تہران یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز سے حاصل کی اور انٹرنل میڈیسن میں ریزیڈنسی کیس ویسٹرن ریسرو یونیورسٹی میں مکمل کی۔

انہوں نے ہیماٹولوجی میں فیلوشپ اِنڈیانا یونیورسٹی سے حاصل کی، جہاں انہوں نے کلینیکل ریسرچ میں ماسٹر آف سائنس بھی مکمل کیا جس کے بعد وہ ایموری یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن میں ہیماٹولوجی اور میڈیکل آنکولوجی کے شعبے میں اسسٹنٹ پروفیسر کے فرائض انجام دے دہی تھیں۔

یہ برطرفی امریکی ایوان نمائندگان کے رکن ارل کارٹر کی جانب سے یونیورسٹی حکام کو خط لکھے جانے کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے فاطمہ لاریجانی کو فوری طور پر برطرف کرنے اور ان کا میڈیکل لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ایرانی نژاد امریکیوں کی جانب سے ایموری یونیورسٹی کے ون شپ کینسر انسٹیٹیوٹ کے باہر احتجاج بھی کیا گیا تھا، جس میں فاطمہ لاریجانی کی برطرفی کا مطالبہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ فاطمہ لاریجانی کے والد علی لاریجانی، ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اہم نیوکلیئر مذاکرات کار رہ چکے ہیں، اور بعد میں نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری بنے۔

Similar Posts