خیبرپختونخوا میں بھنگ کی کاشت کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ

0 minutes, 0 seconds Read

خیبرپختونخوا حکومت نے بھنگ (Cannabis) کی کاشت کو باقاعدہ قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت صوبے میں مخصوص اضلاع میں بھنگ کی کاشت کا آغاز کیا جائے گا، جس کے لیے باقاعدہ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں بھنگ کی کاشت صرف مخصوص علاقوں تک محدود ہوگی، اور اس سلسلے میں ایک ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جائے گی جو بھنگ کی کاشت، پیداوار، ترسیل اور استعمال کے تمام پہلوؤں کو مانیٹر اور ریگولیٹ کرے گی۔

حکومت کی جانب سے ایک بین الادارہ جاتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو بھنگ کے شعبے میں کام کرنے کے خواہشمند افراد کو لائسنس جاری کرنے کے عمل کی نگرانی کرے گی۔ اس کمیٹی میں زراعت، صحت، ایکسائز، اور نارکاٹیکس کنٹرول سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں باقاعدہ رولز کی منظوری دے دی ہے۔ صوبائی وزیر زراعت سجاد بارکوال کے مطابق، ”ہم اس شعبے کو مکمل طور پر ریگولیٹ کر رہے ہیں تاکہ اس سے غیرقانونی استعمال کو روکا جا سکے اور صرف لائسنس یافتہ افراد ہی بھنگ کی کاشت کر سکیں۔“

انہوں نے مزید کہا کہ بھنگ کی کاشت سے صوبے میں غذائی اجناس کی قلت نہیں ہوگی اور اس پالیسی سے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ لائسنس کے اجرا کے لیے مختلف شعبوں کے حساب سے فیس مقرر کی جائے گی، اور صرف وہی افراد کاشت کی اجازت کے اہل ہوں گے جن کے پاس باقاعدہ لائسنس ہوگا۔

حکومت کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے صنعتی، طبی اور تحقیقی مقاصد کے لیے بھنگ کو استعمال میں لاکر مقامی معیشت کو سہارا دیا جا سکتا ہے، جب کہ غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔

Similar Posts