کراچی میں یخ بستہ ہوائیں تھم گئیں، آئندہ 3روز موسم کیسا رہے گا؟

کراچی میں بلوچستان کی یخ بستہ ہوائیں تھم گئیں، جس کے سبب سردی کی شدت میں بتدریج کمی آنے لگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ کل کم سے کم درجہ حرارت 11 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔

شہر میں آج شمال مغربی اور جنوب مغربی سمت سے 10 تا 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں متوقع ہیں جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 30 سے 70 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ پیش گوئی کے مطابق کل سے شہر کے صبح و شام کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 11 تا 13 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 23 تا 25 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

شہر میں 3 روز کے دوران مختلف سمتوں کی ہوائیں چل سکتی ہیں، کل شام سے سمندر کی بند ہوائیں مختصر وقت کے لیے فعال ہونے کی توقع ہے جبکہ جمعرات کو شہر کا مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور انتہائی سرد رہنے کا امکان ہے۔

Similar Posts