لیپ ٹاپ بیٹریوں کی مدد سے 8 سال تک اپنے گھر کو بجلی فراہم کرنے والا شخص

فرانس کا ایک شہری جو آن لائن ’Glubux‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، 8 سال سے اپنے گھر میں لیپ ٹاپ بیٹریوں کی مدد سے بجلی پیدا کررہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوبکس نے 1,000 لیپ ٹاپ بیٹریاں (استعمال شدہ) اکٹھی کیں اور ان کے اندرونی سیلز (زیادہ تر لیتھیم-آئن 18650) باہر نکالے جس کے بعد اس نے ان سیلز کو ایک خاص ریک سسٹم میں ری ارینج کیا تاکہ وہ زیادہ مستحکم بیٹری پیک بن سکیں۔

اس نے سولر پینلز بھی لگائے اور یہ بیٹری بینک ایک الگ شیڈ (تقریباً 50 میٹر دور) رکھا تاکہ آگ یا شارٹ سرکٹ کا خطرہ کم ہو۔

اس کا یہ سسٹم پچھلے 8 سالوں سے بغیر کسی بیٹری سیل کی ناکامی کے کام کررہا ہے۔ اس نے اپنا سولر سسٹم بھی اپ گریڈ کیا ہے۔ ابتدا میں وہ تقریباً 7 کلو واٹ پیدا کرتا تھا مگر بعد میں یہ بڑھ کر تقریباً 56 کلو واٹ تک پہنچ گیا ہے۔

یہ پروجیکٹ نہ صرف توانائی کی خودکفالت کی مثال ہے بلکہ الیکٹرانک ویسٹ کو مفید طریقے سے ری سائیکل کرنے کی بہترین مثال بھی ہے۔

Similar Posts