لائیو شو میں ٹک ٹاکر لڑکیاں لڑ پڑیں، ویڈیو وائرل

لائیو ٹی وی پروگرام پر ٹک ٹاکر لڑکیوں کے لڑنے اور ایک دوسرے کے بال کھیچنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

یہ ٹی وی پروگرام اس سے قبل متھیرا کی میزبانی میں ہوا کرتا تھا، جس کے کئی متنازع کلپ پہلے ہی سوشل میڈیا پر موجود ہیں اور صارفین کی تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔ لیکن حالیہ تنازع نے ایک بار پھر خبروں میں جگہ بنالی ہے۔

اس شو کی میزبانی آج کل یونس خان کررہے ہیں، جو حالیہ دنوں میں لائیو ٹی وی پر ہونے والے تنازعات اور گرما گرمی کے باعث توجہ حاصل کر رہے ہیں۔

چند دن قبل یونس خان اس وقت وائرل ہوئے تھے جب معروف کامیڈین ولی شیخ سے متعلق ایک کلپ سامنے آیا تھا، جس میں ولی شیخ نے لائیو شو میں ہونے والی بے عزتی پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ اب ایک اور واقعے نے شو کو ایک بار پھر سوشل میڈیا کی سرخیوں میں لا کھڑا کیا ہے۔

اس بار منظر کچھ اور ہی تھا۔ شو میں شریک دو خواتین ٹک ٹاکرز، عالیہ ستار اور آسیل لارنس، اچانک ایک دوسرے سے الجھ پڑیں۔ وائرل ہونے والی بیک اسٹیج ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بحث کے دوران عالیہ ستار نے غصے میں آکر آسیل لارنس کے بال پکڑ لیے اور انہیں بدتمیزی نہ کرنے کا کہا۔

رپورٹس کے مطابق جھگڑے کی ابتدا اس وقت ہوئی جب آسیل نے الزام لگایا کہ عالیہ نے ان کا گانا چلنے نہیں دیا، جبکہ عالیہ نے جواباً طنز کرتے ہوئے شو میں بیٹھنے پر طعنے دے ڈالے۔

معاملہ ہاتھ سے نکلنے لگا تو سینئر میزبان عظمیٰ خان نے مداخلت کر کے دونوں کو الگ کیا اور ماحول کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی، مگر تب تک یہ جھڑپ سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر چکی تھی۔

ٹک ٹاکرز کی اس لڑائی نے آن لائن نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کئی صارفین نے اسے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا، ’’یہ سب ڈرامہ ہے، صرف شو کو وائرل کرنے کے لیے اسکرپٹڈ لڑائی کروائی گئی۔‘‘ دوسرے نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’آخر اس ملک میں ہو کیا رہا ہے؟‘‘ ایک اور مداح نے تو شو پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کر دیا اور لکھا، ’’کمزور میزبان، کمزور شو۔‘‘

کچھ صارفین یونس خان کو بھی نشانے پر لیتے دکھائی دیے۔ ایک نے تبصرہ کیا، ’’بھائی، آپ کا شو ویسے نہیں چل رہا تو یہ ہتھکنڈے چھوڑ دیں۔‘‘ جبکہ ایک اور نے طنزیہ لکھا، ’’یہی ہوتا ہے جب سڑک چھاپ لوگوں کو شو میں بلایا جائے۔‘‘

 

Similar Posts