بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ورلڈ کپ میں شامل کیے جانے کے بعد ٹیم کی بروقت بھارت آمد کے لیے کھلاڑیوں کے ویزے اور دیگر سفری انتظامات کا آغاز کردیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کی تیاریوں کے باوجود ایک بڑا مسئلہ پاکستانی نژاد فاسٹ بولر صفیان شریف کے ویزے کے حوالے سے کھڑا ہو گیا ہے کیونکہ دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں ان کو ویزے کے اجرا میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
قبل ازیں ورلڈ کپ میں شامل امریکا اور انگلینڈ کی ٹیموں نے پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کے ویزے کے لیے بڑی تگ و دو کی اور ان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس لیے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صفیان شریف کو بھی اسی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹروڈی لِنڈبلیڈ نے کرک انفو کو بتایا کہ ٹورنامنٹ کے لیے ویزا کا حصول اس وقت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ہم سب اس حوالے سے آئی سی سی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویزے کا حصول ہمیشہ کسی حد تک غیرمتوقع ہوتا ہے کیونکہ بعض اوقات تین دن میں ملتا ہے یا پھر 45 دن بھی لگ جاتے ہیں، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہماری پوری توجہ ویزے کی تصدیق پر مرکوز ہے تاکہ ہمارے کھلاڑی جانے کے لیے تیار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ درخواست جمع کرنے کے عمل میں ہیں اور جتنا ممکن ہوسکے جلدی بھارت میں پہنچ جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے سربراہ نے بتایا کہ آئی سی سی کی جانب سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور مقامی انتظامیہ سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے والے کھلاڑیوں کے ویزے بروقت یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ٹیم نہ صرف ہماری مدد کے لیے سخت محنت کر رہی ہے بلکہ دیگر 19 ٹیموں کی بھی مدد کر رہی ہے جو ورلڈ کپ کھیلنے جا رہی ہیں لیکن اس وقت ہم ان کی خصوصی توجہ کا مرکز ہیں۔
اسکاٹ لینڈ کی ٹیم میں شامل صٖفیان شریف کے والد پاکستانی نژاد اور والدہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہیں جبکہ ان کی پیدائش ہوڈرسفیلڈ میں ہوئی اور 7 سال کی عمر میں وہ اسکاٹ لینڈ منتقل ہوگئے تھے اور بعد ازاں وہاں کی قومی کرکٹ ٹیم کے مرکزی کھلاڑی کے طور پر شامل ہیں۔
صفیان شریف نے اسکاٹ لینڈ کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر اب تک 90 ون ڈے اور 75 ٹی20 میچز کھیلے ہیں اور 198 وکٹوں کے ساتھ اپنی قومی ٹیم کا لازمی جز ہیں۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی جانب سے اپنے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے سے انکار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا ہے۔
بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ 2026 7 فروری کو شروع ہوگا۔