تفصیلات کے مطابق سکھن کےعلاقے بھینس کالونی انصاف کانٹے روڈ نمبر 10 کے قریب گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے نوبیاہتا جوڑے 30 سالہ سدھیر اور اس کی اہلیہ 27 سالہ صائمہ کو شدید زخمی کردیا تھا جنہیں فوری طور پراسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں شدید زخمی میاں بیوی دوران علاج دم توڑ گئے تھے۔
سکھن پولیس نے واقعے کا مقدمہ نمبر 52/2026 زیر دفعات 302، 109، 147، 148، 149 کے تحت مقتول کے بھائی سلطان احمد کی مدعیت میں درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔
ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمز تشکیل دی تھی۔ رات گئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے اورچھاپوں کے دوران سکھن پولیس نے واقعے میں ملوث 2 ملزمان دیداراورعلی حیدرکوگرفتارکرلیا۔
مقتول کے بھائی سلطان کے مطابق مقتول سدھیر نے صائمہ سے 2 ماہ قبل کورٹ میرج کی تھی سدھیر اور صائمہ سجاول ٹھٹھہ میں ایک ہی محلے میں رہتے تھےاورگزشتہ دوماہ سے کراچی بھینس کالونی میں رہائش پزیر تھے۔
بدھ کی شب شاہ لطیف ٹاؤن سے رشتے داروں کے گھرسے واپس آرہے تھے۔ بھینس کالونی موڑکے قریب لڑکی کے والد اوراس کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے سدھیراورصائمہ جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم دیدار مقتولہ صائمہ کا والد ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ غیرت کے نام پرمیاں بیوی کو قتل کیا۔ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔