ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے سابقہ بیوی کے شوہر کو چھریوں کے وار سے قتل کرنے کے مقدمے میں ملزم کو سزائے موت کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے سابقہ بیوی کے شوہر کو چھریوں کے وار سے قتل کرنے کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے ملزم ریاض عرف راجو کو سزائے موت سنا دی۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ کے گواہان کے بیانات میں کوئی تضاد موجود نہیں۔ وکیل صفائی گواہوں سے جرح کے دوران کوئی متضاد حقیقت نہیں نکلوا سکے اور اس کیس میں چشم دید گواہ بھی موجود ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ شواہد سے ثابت ہوا مقتول نے ملزم کی سابقہ اہلیہ سے شادی کی تھی، اسی بات کو لیکر مقتول اور ملزم کے درمیان تنازع تھا۔ استغاثہ کے مطابق ملزم نے مقتول کو چھریوں کے وار سے قتل کیا تھا۔
قتل کا یہ واقعہ فروری 2024 کو پیش آیا تھا، ملزم کے خلاف تھانہ پی آئی بی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔