پہلاٹی20، آسٹریلیا نے شکست کے باوجود ایک اہم ریکارڈ بنالیا

آسٹریلیا کو 3 میچوں کی ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں 22 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم ایڈم زمپا اور بارٹلیٹ نے 9 ویں وکٹ کی شراکت میں میزبان ٹیم کے خلاف سخت مزاحمت کرتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم آسٹریلیا کے بولرز نے میزبان ٹیم کے بیٹرز کو مشکل میں رکھا۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 22 گیندوں پر 3 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 40 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی اور کپتان سلمان آغا نے 39 رنز بنائے، جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 168 رنز بنائے۔

آسٹریلیا نے آسان نظر آنے والے ہدف کا تعاقب ناقص انداز میں کیا اور ٹیم 100 رنز سے پہلے ہی 6 وکٹوں سے محروم ہوگئی اور 112 رنز پر 8 وکٹیں گر گئیں اور شکست کے بادل منڈھلانے لگے تو ایڈم زمپا اور بارٹلیٹ نے بہترین شراکت داری قائم کی۔

ایڈم زمپا اور بارٹلیٹ نے 9ویں وکٹ کی شراکت میں بالترتیب 5 اور 34 رنز بنا کر آسٹریلیا کی جیت کی امیدیں بحال ضرور کیں لیکن وہ ٹیم کو جیت دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

دونوں کھلاڑیوں نے آؤٹ ہوئے بغیر 9ویں وکٹ کی شراکت میں 34 رنز بنائے جو آسٹریلیا کی جانب سے 9 وکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ ہے۔

آسٹریلیا کے لیے ٹی20 کرکٹ میں 9 وکٹ کے لیے کلنٹ مک کے اور کولٹرنیل کے درمیان 23 رنز کی شراکت کا ریکارڈ تھا جو زمپا اور بارٹلیٹ نے توڑ دیا۔

پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل ہونے والی اہم سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی، صائم ایوب کو 40 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Similar Posts