آپریشن غضب للحق اہداف کے حصول تک جاری رہے گا، سیکیورٹی ذرائع

0 minutes, 0 seconds Read
آپریشن غضب للحق کے تحت سیکیورٹی فورسز کی باجوڑ اور کرم سیکٹرز میں پاک فوج کی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ 

 سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف “آپریشن غضب للحق” کے تحت باجوڑ اور کرم سیکٹرز میں فیصلہ کن جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق باجوڑ سیکٹر میں پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں پاک فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو تباہ کر دیا۔

کارروائی کے دوران پاک فوج نے گائیڈڈ میزائلوں کے ذریعے بھی سرحد پار موجود ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد سرحدی علاقوں میں دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کی موجودگی کو ختم کرنا ہے۔

دوسری جانب کرم سیکٹر میں بھی پاک افواج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ذرائع کے مطابق موثر کارروائی کے نتیجے میں متعدد پوسٹیں تباہ ہوگئیں جبکہ کئی خارجی ہلاک اور دیگر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ’’غضب للحق‘‘ اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا اور سرحدی علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔

Similar Posts