بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رانجی ٹرافی میں ممبئی اور دہلی کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران فضائی آلودگی اس قدر زیادہ تھی کہ کئی کھلاڑی ماسک کے ساتھ میدان میں اترے۔ یہ میچ ممبئی کے باندرا کرلا کمپلیکس میں منعقد ہوا جہاں گرد و غبار اور آلودگی نے ماحول کو مزید خراب کردیا۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ کے اطراف جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث آلودگی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ اسی صورتحال کے پیش نظر ممبئی کے بیٹرز سرفراز خان، مشیر خان اور ہمانشو سنگھ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ماسک پہن کر میچ میں حصہ لیا۔
رپورٹس کے مطابق ممبئی کی فضائی کیفیت کو بھی غیر تسلی بخش قرار دیا گیا ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 160 تک ریکارڈ کیا گیا۔ یہ صورتحال نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ شائقین اور منتظمین کے لیے بھی تشویش کا باعث بن گئی ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ممبئی میں آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچز، جن میں سیمی فائنل اور گروپ مقابلے شامل ہیں، بھی شیڈول ہیں، جس پر فضائی آلودگی کے اثرات سے متعلق سوالات اٹھنے لگے ہیں۔