وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سرگرم دہشتگرد افغانستان کے ایجنٹ ہیں۔ یہ لوگ ریاست کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر ہمارے دشمن ہیں، یہ انہی کے ایجنٹ ہیں ۔ دشمنوں کی پشت پناہی سے پاکستان پر حملے کیے جا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلی دہائیوں کے دوران بلوچستان میں ترقی ہوئی، سڑکیں اور تعلیمی ادارے تعمیر کیے گئے ہیں۔ جمہوری کلچر بلوچ قوم کا حق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنے وسائل پر مکمل طور پر بلوچوں کا حق ہے ۔ اگر بلوچستان میں صرف چند لوگ وسائل سے مستفید ہو رہے ہیں تو وفاقی حکومت عام لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا ۔ بلوچ قوم کی مدد سے بھارت اور افغانستان کو شکست دی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کی کسٹڈی میں ہے۔ اس کے علاوہ بھی پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جنگ میں شکست کے بعد بھارت پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے خلاف جارحیت کر رہا ہے، تاہم بلوچ عوام کی مدد سے اس پراکسی جارحیت میں افغانستان اور بھارت کو شکست دی جائے گی۔