یونان میں کوسٹ گارڈ کا جہاز تارکین وطن کی کشتی سے ٹکراگئی؛ 15 ہلاکتیں

یونان کے ساحل چیو کے نزدیک حالیہ برسوں کے دوران ملک میں ہونے والا ایک بدترین کشتی حادثہ پیش آیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یونانی کوسٹ گارڈ کا جہاز غیرقانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کرنے والی تارکین وطن کی کشتی سے ٹکرا گیا۔

یونانی کوسٹ گارڈ کے بقول تارکینِ وطن کی کشتی کی نیویگیشن لائٹس بند تھیں اور وہ کوسٹ گارڈ کے پیٹرولنگ پر مامور جہاز کے اشارات کو نظرانداز کر کے اپنا رخ بدلنے کی کوشش کر رہی تھی۔

کوسٹ گارڈ کے جہاز کی شدید ٹکر کی وجہ سے تارکین وطن کی چھوٹی کشتی الٹ کر سمندر میں گر گئی اور تمام مسافر سمندر میں جا گرے۔

یونانی کوسٹ گارڈ کے بقول امدادی کاموں کے دوران 25 تارکین وطن کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم 14 افراد ڈوب گئے جن کی لاشیں مل گئیں۔ ایک نے اسپتال میں دم توڑا۔

ہلاک اور زندہ بچائے گئے تارکین وطن میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ امدادی کاموں میں کوسٹ گارڈ کی 5 کشتیوں اور ایک ہیلی کاپٹر نے حصہ لیا۔

کوسٹ گارڈ حکام نے کہا کہ تقریباً 8 میٹر لمبی کشتی پر 39 سے زائد مسافر سوار تھے جو غالباً بہت زیادہ بھیڑ بھاڑ کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوئی۔

یونان کے امیگریشن کے وزیر تھانوس پلےورِس نے پارلیمنٹ میں کہا کہ انسانی اسمگلروں کی وجہ سے 15 افراد ہلاک ہوئے۔ کوسٹ گارڈ نے 24 افراد کو بچایا۔

 جب ان سے پوچھا گیا کہ ایک چھوٹی کشتی کوسٹ گارڈ کے جہاز سے کیسے ٹکرائی تو انہوں نے کہا کہ مجھے کوسٹ گارڈ کی مہارت اور باتوں پر پورا یقین ہے۔

یاد رہے کہ چیو­ اور دیگر یونانی جزائر صدیوں سے مشرقِ وسطیٰ، افریقا اور ایشیا سے غیرقانونی طور پر یورپ جانے والے تارکینِ وطن اور پناہ گزینوں کے لیے ایک اہم راستہ رہے ہیں۔

 

 

 

Similar Posts