ورلڈ ڈیفنس شو؛ وزیر دفاع کا مختلف اسٹالز کا دورہ، شرکاء کی جے ایف17 طیارے میں غیر معمولی دلچسپی

وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے ’’ورلڈ ڈیفنس شو‘‘ کے موقع پر پاکستانی اور سعودی عرب کی دفاعی کمپنیوں کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا جبکہ نمائش میں شرکاء نے پاکستان کے جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیارے میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور سیکریٹری وزارتِ دفاعی پیداوار جنرل چراغ حیدر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

وزیرِ دفاع نے جدید دفاعی ٹیکنالوجیز اور مصنوعات کا جائزہ لیا جبکہ وزیر دفاع نے دفاعی صنعت سے وابستہ نمائندگان سے ملاقاتیں کیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ریاض میں عالمی نمائش کے موقع پر اپنے سعودی ہم منصب خالد بن سلمان سے ملاقات کی اور سعودی قیادت کو ’’ورلڈ ڈیفنس شو‘‘ کے کامیاب اور شاندار انعقاد پر مبارکباد دی۔

خواجہ آصف نے اس عالمی دفاعی ایونٹ کو خطے میں دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

پی ٹی وی کے مطابق ریاض میں منعقدہ عالمی دفاعی نمائش میں پاکستان فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر نے شرکا اور دفاعی ماہرین کی بھرپور توجہ حاصل کی ہے، اور یہ امریکا، سعودی عرب اور دیگر ممالک کی جانب سے نمائش کے لیے پیش کیے گئے لڑاکا طیاروں میں نمایاں رہا ہے۔

واضح رہے کہ پانچ روزہ دفاعی نمائش 12 فروری تک جاری رہے گی جس میں پاکستان بھی شریک ہے۔

Similar Posts