ملتان سلطانز 2 ارب 45 کروڑ میں فروخت، نیا نام راولپنڈی ہوگا

ملتان سلطانز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مہنگی ترین فرنچائز بن گئی۔ ولی ٹیکنالوجیز نے 2 ارب 45 کروڑ روپے میں ملتان سلطانز کی کامیاب بولی دے کر ٹیم کے ملکیتی حقوق حاصل کرلیے ہیں اور نیا نام راولپنڈی رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ملتان سلطانز کی نیلامی کی تقریب لاہور کے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوئی۔ جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور پاکستان کے لیجنڈ بلے باز ظہیر عباس بھی شریک تھے۔

اس سے قبل دو نئی فرنچائز حیدرآباد اور سیالکوٹ کی ریکارڈ قیمت پر فروخت کے بعد ملتان سلطانز کی بولی کا آغاز ایک ارب 82 کروڑ روپے سے کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تکنیکی جانچ پڑتال کے بعد پانچ گروپس کو نیلامی کے لیے اہل قرار دیا گیا تھا۔ ان گروپس میں ڈی ایس ایم (ڈہرکی شوگر ملز)، ولی ٹیکنالوجیز، سی ڈی وینچرز، پارٹیکل اگنائیٹر اور ایم نیکسٹ شامل تھے۔

واضح رہے کہ ڈی ایس ایم گروپ ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین کا گروپ تھا جو ابتدائی مرحلے میں ہی نیلامی سے باہر ہوگیا تھا۔

سی ڈی وینچرز کی جانب سے ابتدائی طور پر 2 ارب 6 کروڑ روپے کی بولی لگا گئی، جس کے بعد ولی ٹیکنالوجیز نے 2 ارب 7 کروڑ جبکہ پارٹیکل اگنائیٹر نے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 2 لاکھ 15 ہزار روپے کی بولی لگائی۔

جس کے بعد نیلامی کا عمل دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا اور سی ڈی وینچرز اور ولی ٹیکنالوجیز کے درمیان سخت مقابلہ جاری رہا۔ سی ڈی وینچرز کی جانب سے 2 ارب 35 کروڑ کی قیمت لگائے جانے کے بعد ولی ٹیکنالوجیز نے 2 ارب 45 کروڑ روپے کی بلند ترین قیمت لگائی۔

سی ڈی وینچرز کی جانب سے سوچ بچار کے لیے وقت مانگا گیا تاہم اسٹریٹیجک ٹائم آؤٹ مکمل ہونے کے بعد مزید بولی نہیں لگائی، اس طرح ولی ٹیکنالوجیز نے اگلے دس سال کے لیے ملتان سلطانز کے ملکیتی حقوق حاصل کرلیے ہیں۔

نیلامی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے نئے مالک احسن طاہر نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے لیے راولپنڈی کا نام منتخب کرنا چاہتے جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ راولپنڈی کی گلیوں میں ہی پلے بڑھے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق مالک علی ترین کی جانب سے ٹیم کے ملکیتی حقوق کی تجدید نہ کرانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان سلطانز کے انتظامات خود سنبھالنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم حیدرآباد اور سیالکوٹ کی فرنچائزز کی کامیاب نیلامی کے بعد پی سی بی نے ملتان سلطانز کی نیلامی کا فیصلہ کیا۔

رواں سال پی ایس ایل 11 میں اب 6 کی جگہ ٹیمیں شامل ہوں گی، جن میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی ٹیمیں پہلی بار میدان میں اتریں گی، جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم بھی راولپنڈی کے نام سے ایکشن میں نظر آئے گی۔

Similar Posts