سندھ کے سرکاری گرلز کالجوں میں فوٹو گرافی پر پابندی عائد کردی گئی

محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے سرکاری گرلز کالجوں میں عکس بندی( فوٹو گرافی) پر باقاعدہ پابندی عائد کردی ہے۔

محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے ذریعے کالجوں کے پرنسپلز کو اطلاع دی گئی ہے کہ ایسا کرنے کی صورت میں انھیں انضباطی یا قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس سلسلے میں اسپیشل سیکریٹری کالجز سندھ کی جانب سے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی یے جبکہ اس ایڈوائزری کی بنیاد پر ریجنل ڈائریکٹر کالج ایجوکیشن کراچی نے شہر کے تمام سرکاری کالجوں کو خطوط بھی جاری کردیے ہیں۔

خط کے مطابق طالبات کی فوٹو گرافی کا سوشل میڈیا کے بعض پلیٹ فارم پر غلط استعمال کیا گیا ہے جو معاشرتی و مذہبی اقدار اور قانون کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے جس کی باقاعدہ شکایات محکمہ کالج ایجوکیشن کو موصول ہوئی ہیں اور اسپیشل سیکریٹری ایجوکیشن نے بعض کالجوں میں خواتین اساتذہ و طالبات کی غیر مجاز فوٹو گرافی اور اس کے فیس بک ، ووٹس ایپ دیگر ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم پر پھیلائو یا تشہیر کا سختی سے نوٹس لیا ہے لہذا کالجوں میں اس قسم کی سرگرمیوں پر سختی پابندی عائد کی جارہی ہے۔

پروفیسر قاضی ارشد کے جاری خط میں مزید کہا گیا ہے کہ جن کالجوں میں اس پابندی کے باوجود اس کی خلاف ورزی کی گئی تو وہاں کے ذمے دار پرنسپلز اور عملے کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Similar Posts