ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان کا بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کا فیصلہ

شائقینِ کرکٹ اب 15 فروری کو دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا دیکھ سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مِنتوں کے بعد سری لنکن صدر اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کی درخواست کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی اور دوست ممالک کی کوششوں کے بعد پاکستان بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شیڈول میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کی تمام شرائط قبول کرلی ہیں، جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ کھیلے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنےکی درخواست کردی ہے۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں اس مشکل صورت حال میں ساتھ دینے پر چیئرمین پی سی بی، کرکٹ بورڈ اور پاکستانی کرکٹ شائقین کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔

بی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں درخواست کی گئی ہے کہ پاکستان کو بھارت کے خلاف 15 فروری کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول میچ کھیلنا چاہئیے۔ بی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی کرکٹ نظام کے مفاد میں ہوگا۔

بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے پاکستان کی بھرپور حمایت کو برادرانہ تعلقات کی مثال قرار دیا ہے۔

اس سے قبل سری لنکا کے صدر انورا کمارا دسانائیکے نے بھی وزیرِاعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا تھا اور پاکستان کو سری لنکا میں منعقدہ پاک بھارت میچ کھیلنے کی درخواست کی تھی۔

سری لنکن صدر کہا کہنا تھا کہ پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو ہمیشہ ہر چیز پر فوقیت دی۔ پاکستان نے دہشت گردی سے نمٹنے میں بھی سری لنکا کی بھرپور مدد کی، یہاں تک کہ ملک میں دہشت گردی کے باوجود پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کا دورہ کیا۔

وزیرِاعظم شہبازشریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا نے بھی مشکل ادوار میں پاکستان بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سری لنکن ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی اور ناخوشگوار واقعے کے باوجود دورہ منسوخ نہیں کیا۔

وزیرِاعظم نے سری لنکن صدر کو آگاہ کیا کہ پاک بھارت میچ سے متعلق مشاورت جاری ہے، جیسے ہی کوئی حتمی فیصلہ ہوجائے گا تو انہیں آگاہ کردیا جائے گا۔

قبلِ ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں تقریب کے دوران اس فیصلے سے متعلق عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئی سی سی اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان بات چیت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ مہمان کی عزت کرنا سیکھا ہے اور جب کوئی خود چل کر گھر آجائے تو بہت سی باتیں بھلا دی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر کچھ دوست ممالک بھی رابطے میں ہیں، ہم نے انہیں اپنے مؤقف سے آگاہ کردیا ہے، جلد ہی سب کچھ واضح ہوجائے گا۔

Similar Posts