تفصیلات کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کی گئی۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کے کارگو شیڈ پر 32 کارٹنوں پر مشتمل کھیپ کو تحویل میں لے لیا گیا۔
مکمل تلاشی کے دوران اے این ایف عملے نے ان کارٹنوں سے 14,70,000 عدد ٹراماڈول گولیاں (808.5 کلوگرام وزنی) اور 57,600 ویلیم گولیاں (ڈائزیپام) (17.280 کلوگرام وزنی) برآمد کیں۔
مذکورہ کھیپ نائیجیریا کیلئے بُک کروائی گئی تھی۔ ضبط شدہ گولیوں کا مجموعی وزن 825.78 کلوگرام ہے جن کو تحویل میں لیکر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ ضبط شدہ گولیاں مختلف اقسام کی منشیات تیارکرنے میں استعمال کی جاتی ہیں۔ ۔بھاری مقدار میں نشہ آور گولیوں کی اسمگلنگ ایک تشویشناک رجحان کی نشاندہی کرتی ہے۔
اے این ایف ترجمان نے بتایا کہ منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس کی جانب سے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کیلئے تجارتی و برآمدی چینلز کا استعمال ملک سلامتی کیلئے خطرناک ہے۔ ایسی غیر قانونی سرگرمیاں نہ صرف عوامی صحت کے لیے خطرہ ہیں بلکہ پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ کے لیے بھی سنگین خدشات پیدا کرتی ہیں۔
اے این ایف اسمگلنگ کے بدلتے ہوئے نت نئے طریقوں کو ناکام بنانے اور تجارتی و برآمدی چینلز کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائیوں کے ذریعے مکمل عزم کے ساتھ پاکستان کو منشیات سے پاک بنانے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔