کم سن گھریلو ملازمہ تشدد کیس: وومن میڈیکل افسر سمیت دیگر حکام کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے کم سن گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کے معاملے میں استغاثہ کے گواہان کی مسلسل عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے غیر حاضر گواہان کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا کی وومن میڈیکل آفیسر مریم فاطمہ، محمد نواز سب انسپکٹر، قاسم ضیاء سب انسپکٹر، اعجاز احمد سب انسپکٹر، محمد حنیف سب انسپکٹر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

اسی طرح ریسکیو 1122 سرگودھا کے میڈیکل ایمرجنسی ٹیکنیشکن منور عباس اور پولیس خدمت کاونٹر ڈی ایچ کیو سرگودھا میں تعینات پولیس ملازم کنول کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ عدالت نے پولیس ملازمین شفیق حسین، سجاد حسین اور شمریز اقبال کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔

عدالت نے تمام متعلقہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا بھی حکم دیا۔ عدالت کے مطابق تمام سرکاری ملازمین رضوانہ تشدد کیس میں گواہ ہیں اور انہیں متعدد بار طلب کیا جا چکا ہے۔ گواہان کی مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

Similar Posts