ایشیائی ترقیاتی بینک کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیلیے 3 نام شارٹ لسٹ

حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) میں پاکستان کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹرکی تقرری کیلیے 3 اعلیٰ افسران کے ناموں پر مشتمل پینل کوحتمی شکل دیدی ہے۔

ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے تعلق رکھنے والے تین افسران کے نام شارٹ لسٹ کیے ہیں، جن میں 2 خواتین افسران بھی شامل ہیں۔

اہم امیدواروں میں گریڈ 22 کی افسر سارہ سعیدسرِفہرست ہیں، جو اس وقت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں بطور اسپیشل سیکریٹری خدمات انجام دے رہی ہیں۔

دیگر امیدواروں میں سابق سیکریٹری خزانہ اورموجودہ سیکریٹری صحت حامدیعقوب شیخ شامل ہیں۔

ذرائع کاکہناہے کہ اگر حامد یعقوب کومنیلا نہ بھیجاگیاتو انہیں سیکریٹری پیٹرولیم تعینات کیاجاسکتاہے۔

تیسری امیدوارگریڈ 21 کی افسر نشیطہ محسن ہیں، جو اس وقت وزارتِ خزانہ میں اسپیشل سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق تقرری کیلیے سمری جلد وزیراعظم شہبازشریف کومنظوری کیلیے بھجوائی جائیگی، وزیراعظم نے بعض دیگر مضبوط امیدواروں سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال،چیئرمین ایف بی آرراشد لنگڑیال اورسیکریٹری داخلہ خرم آغاکو اہم ذمہ داریوں کے باعث موجودہ عہدوں سے فارغ نہ کرنے کافیصلہ کیا۔

سارہ سعیدحال ہی میں گریڈ 22 میں ترقی پانے والی گزشتہ پانچ دہائیوں کی کم عمر ترین افسر ہیں، وہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے اکنامکس فارڈیولپمنٹ میں ایم ایس سی کی ڈگری رکھتی ہیں اور پنجاب یونیورسٹی کی گولڈمیڈلسٹ ہیں۔ 

اے ڈی بی میں پاکستان کے موجودہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نور احمدکی مدت گزشتہ سال مکمل ہوچکی تھی تاہم نئی تقرری تک انہیں توسیع دی گئی،عہدہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان 2سال کیلیے باری ،باری دیاجاتاہے۔  اے ڈی بی ہرسال یکم جولائی سے بورڈآف ڈائریکٹرزکی تقرریاں مؤثرکرتاہے۔ 

Similar Posts