پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے اہم میچ میں بھارت کے خلاف قومی ٹیم کے کلیدی بلے باز ہوں گے۔ کولمبو میں ہونے والے اس مقابلے سے قبل بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بابر اعظم کے ریکارڈ پر شائقین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
بھارتی ویب سائٹ نیوز 18 کے مطابق کولمبو میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اے کے بڑے مقابلے میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت کا سامنا ہے اور اس میچ میں سابق کپتان بابر اعظم ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کے لیے کلیدی کردار ادا کریں گے۔ یہ ہائی وولٹیج مقابلہ 15 فروری کو سری لنکا کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں شائقین کی نظریں بابر اعظم کی کارکردگی پر مرکوز ہوں گی۔
بابر اعظم ٹی 20 انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں، اب تک ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے دونوں میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف 15 جب کہ دوسرے میچ میں امریکا کے خلاف 46 رنز اسکور کیے۔ امریکا کے خلاف ان کی بیٹنگ کو سراہا گیا، تاہم ابتدائی میچ میں سست اننگز پر انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان اب تک کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کو صرف ایک کامیابی ملی ہے اور اس تاریخی فتح میں بابر اعظم نے ناقابلِ شکست نصف سنچری اسکور کر کے ٹیم کو یادگار جیت دلائی تھی۔
مجموعی طور پر بھارت نے 8 میں سے 7 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، جس کے باعث آنے والا مقابلہ پاکستان کے لیے نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ اگرچہ حالیہ عرصے میں بابر اعظم کی فارم پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں لیکن ٹیم مینجمنٹ نے انہیں بھارت کے خلاف پلیئنگ الیون کا حصہ برقرار رکھا ہے۔ اس بڑے مقابلے کا نتیجہ کافی حد تک بابر اعظم کی بیٹنگ کارکردگی پر منحصر ہوگا۔
پاکستانی شائقین کو امید ہے کہ ان کا مایہ ناز بلے باز ایک بار پھر روایتی حریف کے خلاف بڑی اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرے گا۔
بھارت کے خلاف بابر اعظم کی کارکردگی
بابر اعظم اب تک بھارت کے خلاف پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں، جن میں ایک نصف سنچری کی مدد سے انہوں نے مجموعی طور پر 105 رنز بنائے ہیں۔
مجموعی طور پر بابر اعظم 141 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 4566 رنز بنا چکے ہیں اور بھارت کے خلاف آئندہ میچ میں ان کی بیٹنگ کارکردگی ایک بار پھر توجہ کا مرکز ہوگی۔

بابر اعظم نے بھارت کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 24 اکتوبر 2021 کو دبئی میں کھیلا، آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے اس میچ میں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر 152 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بابر اعظم 52 گیندوں پر ناقابل شکست 68 رنز بنا کر نمایاں رہے اور پاکستان نے یہ میچ 10 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

اس کے بعد 2022 کے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف دو میچز میں بابر اعظم نے 10 اور 14 رنز اسکور کیے۔ اسی طرح آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے اہم مقابلے میں بابر اعظم ارشدیپ سنگھ کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم نے بھارت کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 9 جون 2024 کو نیویارک میں کھیلا جہاں جسپریت بمراہ نے انہیں 13 رنز پر آؤٹ کیا۔ یہ میچ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے دوران کھیلا گیا تھا۔