عرب میڈیا کے مطابق دبئی کی کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹیز نے رمضان سے قبل مختلف مارکیٹس اور تجارتی مراکز کے دورے شروع کر دیے ہیں تاکہ قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ چاول، دودھ، چینی، کوکنگ آئل اور دیگر بنیادی اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
کنزیومر پروٹیکشن حکام نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے ضروری اشیاء کی قیمتیں مقررہ حد سے زیادہ بڑھانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
تاجروں کو باقاعدہ وارننگ جاری کر دی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات کی مکمل پابندی کریں اور منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔
حکام کے مطابق عوام بھی قیمتوں میں اضافے یا کسی بھی قسم کی بدعنوانی کی صورت میں متعلقہ اداروں کو شکایت درج کرا سکتے ہیں جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دبئی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران منڈیوں میں شفافیت اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے نگرانی کا عمل پورے مہینے جاری رہے گا۔
حکام کے مطابق اگر کسی تاجر یا کاروباری ادارے نے رمضان میں قیمتوں میں غیرقانونی رد و بدل کیا تو اس پر ایک لاکھ درہم (تقریباً 76 لاکھ پاکستانی روپے) تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔