راجن پور پولیس کو دریائی کچہ کے خطرناک علاقہ ’کچی جمال‘ میں پہلی بار بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فاروق امجد کی قیادت میں ایلیٹ فورس اور دیگر جوانوں نے کچہ جمال کے پورے جزیرہ نما علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پولیس نے ایک منظم آپریشن کے ذریعے ڈاکوؤں کے ٹھکانے مسمار کیے اور علاقے میں پیش قدمی کرتے ہوئے عمرانی گینگ کو شدید دباؤ میں لایا۔ پولیس کی بھرپور کارروائی دیکھ کر عمرانی گینگ کے 5 خطرناک ڈاکوؤں نے اسلحہ سمیت خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔
سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں میں علی شیر ولد کجلہ، ولی محمد ولد خدا بخش، حبیب الرحمن ولد اسماعیل، عبد الغفور ولد چھنڑکا، اور عثمان ولد شفیع شامل ہیں۔ ان تمام افراد کا تعلق اقوامِ عمرانی سے ہے اور یہ قتل، اغوا اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے۔
آپریشن کے دوران عمرانی گینگ کے 2 اہم ڈاکو، عبدالرحمن عرف بگا اور بہادر سیندانی، پولیس مقابلے میں ہلاک جبکہ 3 دیگر زخمی ہوئے۔ فائرنگ کا سلسلہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے اور پولیس کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے تاکہ مکمل امن و امان بحال رکھا جا سکے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، اس کامیاب آپریشن کے دوران نہ صرف ڈاکوؤں کو ہلاک اور گرفتار کیا گیا بلکہ ایک مغوی کو بھی بازیاب کرایا گیا، جو ایک بڑی پیش رفت ہے۔
راجن پور پولیس کا یہ آپریشن علاقے میں قیامِ امن اور جرائم کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس پر مقامی عوام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔