کامل خان نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پاکستان کرکٹ سے محبت کی وجہ سے انہوں نے سیالکوٹ اسٹالینز کی قیادت سنبھالی اور خلوصِ نیت کے ساتھ ذمہ داریاں نبھائیں۔
بیان میں انہوں نے کہا کہ مختصر وقت میں ہم نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں جن میں اسٹیو اسمتھ سے معاہدہ، ٹم پین کی بطور کوچ تقرری اور نیو بیلنس کے ساتھ شراکت داری شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیم سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ انتظامیہ کے حالیہ فیصلوں پرسوچ بچار کے نتیجے میں کیا ہے۔ اگرچہ انہوں نے یہ فیصلہ کچھ عرصہ پہلے کیا تھا، لیکن وہ باضابطہ روانگی سے قبل یہ بات کو یقینی بنانا چاہتے تھے کہ ٹیم محفوظ ہاتھوں میں ہو۔
انہوں نے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
ایک اور بڑی پیشرفت میں بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل کی نئی ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز کے 90 فیصد سے زائد حصص ایک نئے گروپ کو فروخت کیے جا رہے ہیں، جس سے اوز گروپ کا ٹیم پر کنٹرول ختم ہو جائے گا۔