ویسٹ انڈیز کی آٹھویں وکٹ پر ریکارڈ پارٹنر شپ؛ جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 177 رنز درکار

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے کے اہم ترین میچ میں ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دے دیا، جب کہ جیسن ہولڈر اور روماریو شیفرڈ نے آٹھویں وکٹ پر طویل پارٹنرشپ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں جاری میچ دونوں ٹیموں کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ویسٹ انڈیز کے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے پاورپلے کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 69 رنز بنا لیے ہیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور آغاز سے ہی ویسٹ انڈین بیٹرز کو اپنی تباہ کُن بولنگ سے جلد دبوچنے کی بھرپور کوشش کی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 83 رنز پر سات وکٹیں کھونے کے بعد شدید دباؤ کا شکار نظر آئی۔ جیسن ہولڈر اور روماریو شیفرڈ نے اس موقع پر ٹیم کو سنبھالا اور مجموعی اسکور 172 تک پہنچا دیا۔

دونوں بیٹرز نے جنوبی افریقا کے خلاف آٹھویں وکٹ پر 89 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ روماریو شیفرڈ 52 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ جیسن ہولڈر آخری اوور میں 49 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں فُل ممبر ملک کی جانب سے آٹھویں وکٹ پر اب تک کی سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے، جس نے اسکاٹ لینڈ کے پیٹرک مومسن اور سفیان شریف کا پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جنہوں نے 80 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تھی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے لونگی اینگیڈی نے 30 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کگیسو ربادا اور کوربن بوش نے 2،2 شکار کیے۔

دوسری جانب بھارت اور زمبابوے کی نظریں بھی جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے میچ پر مرکوز ہیں۔

بھارت جنوبی افریقا کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے اور امید کی جارہی ہے کہ وہ اپنے باقی دونوں میچز جیت کر سیمی فائنل تک رسائی کا معاملہ اپنے ہاتھ میں رکھ سکے۔

زمبابوے ویسٹ انڈیز کی فتح کا منتظر ہے کیوں کہ ایسی صورت میں اس کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات زندہ رہیں گے۔ زمبابوے اس سے قبل آسٹریلیا اور مشترکہ میزبان سری لنکا کو شکست دے کر پہلے ہی سب کو حیران کرچکا ہے۔

Similar Posts