بھارت نے زمبابوے کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور بنا دیا

آئی سی سی مینز  ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارتی بیٹرز نے زمبابوے کے بولرز کا بھرکس نکال دیا، چوکے چھکوں کی برسات کرتے ہوئے رواں ایونٹ کا سب سے بڑا اور تاریخ کا دوسرا بڑا سکور بنا ڈالا۔

جمعرات کو چنئی میں کھیلے جارہے میچ میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں گروپ ون کے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں چھکوں کی برسات کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر پر 256 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، بھارتی بیٹرز نے اننگز میں مجموعی طور پر17 چھکے مارے۔

بھارت کی جانب سے سنجو سیمسن نے 24، ابھیشیک شرما نے 55، ایشان کشن نے 38 اور کپتان سوریا کمار یادیو نے 33 رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں ہاردک پانڈیا اور تلک ورما نے زمبابوین بولرز کا بھرکس نکال دیا۔ پانڈیا 23 گیندوں پر 53 اور تلک ورما 16 گیندوں پر 44 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

بھارت کے 256 رنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل 2007 میں سری لنکا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کینیا کے خلاف 260 رنز بنائے تھے۔

اس کے علاوہ یہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے، گزشتہ دنوں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف ہی 254 رنز اسکور کیے تھے جب کہ آئرلینڈ نے اومان کے خلاف 235 رنز بنائے تھے جب کہ یہ بھارت کا ٹی 20 ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے بڑا اسکور ہے۔

Similar Posts