وہ اُس دن کو پچھتائیں گے، جس وقت اُنہوں نے بلااشتعال فائرنگ اور حملہ کیا، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ اُس دن کو وہ پچھتائیں گے، جس وقت اُنہوں نے کل بلااشتعال فائرنگ اور حملہ کیا، اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ افغان عبوری حکومت اُن دہشت گردوں کے دکھ میں ساتھ دے رہی ہے جن پر ہم نے کچھ دن پہلے حملہ کیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ یہ پچھتائیں گے اور دنیا دیکھے گی کہ پاکستان اپنی خودمختاری کی اور اپنے لوگوں کے امن کے لیے کس حد تک جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی ختم ہوگی یہ سب نہیں چلے گا۔ ہمارے نوجوانوں کے گلے کاٹے جائیں، مساجد اور امام بارگاہوں پر حملے ہوں، اسکول بسز پر حملے ہوں، پاکستان یہ برداشت نہیں کرے گا۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اس کا خاتمہ ہوگا، اُس کے لیے کوئی آپشن یا کوئی بھی طریقہ استعمال کرنا پڑا تو کریں گے۔

واضح رہے کہ آپریشن غضب للحق کے تحت جوابی حملوں میں اب تک 133 افغان خارجی جہنم واصل ہو گئے ہیں اور 200 سے زائد زخمی ہیں۔

پاک فوج نے 27 پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دی ہیں جبکہ 7 افغان پوسٹوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ موثر جوابی کارروائی میں 50 سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور اے پی سیز تباہ کر دیا گیا۔

Similar Posts