داتا دربار کے علاقے میں نجی یونیورسٹی میں کروڑوں روپے مالیت کی چوری کا معمہ حل کر لیا گیا، خاتون سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان رات کی تاریکی میں یونیورسٹی کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور سیکیورٹی گارڈز کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا۔ بعد ازاں ملزمان اسٹور روم سے 79 عدد CPU اور 20 عدد LED’s رکشوں پر لوڈ کروا کر فرار ہوگئے تھے۔
ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کے مطابق مرکزی ملزم نجی یونیورسٹی کا سابق سیکیورٹی گارڈ ہے۔ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے یونیورسٹی کے کروڑوں روپے مالیت کے 79 سی پی یو اور 20 ایل ای ڈی برآمد کر لیے گئے ہیں، جبکہ دو عدد ہنڈا 125 موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔